حدیث کا منکر جنت سے محروم رہے گا

تحریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ


رسول اللہ ﷺ کی صحیح حدیث کا انکار کرنے والا شخص جنت سے محروم رہے گا۔

اضواء المصابیح حدیث نمبر 146:

وعن أبي ھریرۃ قال قال رسول اللہ ﷺ:

((کل أمتي یدخلون الجنۃ إلا من أبٰی)) قیل: ومن أبٰی: قال:

((من أطاعني دخل الجنۃ ومن عصاني فقد أبٰی)) رواہ البخاري

سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

میری ساری اُمت جنت میں جائے گی سوائے اُس شخص کے جس نے (داخل ہونے سے) انکار کر دیا۔

پوچھا گیا: وہ کون ہے جو انکار کر دے گا؟

آپ ﷺ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہو گا اور جس نے میری نافرمانی کی تو اس نے (داخل ہونے سے) انکار کر دیا۔

اسے بخاری (7280) نے روایت کیا ہے۔

فقہ الحدیث:

1- رسول اللہ ﷺ کی اطاعت فرض ہے۔

2- رسول اللہ ﷺ کی صحیح حدیث کا انکار کرنے والا شخص جنت سے محروم رہے گا۔

3- ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللہَ﴾ جس نے رسول کی اطاعت کی تو اس نے یقینا اللہ کی اطاعت کی۔ (النساء: 80)

درج بالا حدیث اس آیت کی تصدیق و بیان ہے۔ والحمدللہ

4- گناہ گار مسلمانوں کو نبی ﷺ کی اُمت سے خارج کرنا یا سمجھنا غلط ہے۔

5- راجح یہی ہے کہ اُمت سے مراد اُمت اجابت ہے یعنی امت میں سے وہ لوگ جنت میں جائیں گے جنھوں نے نبی کریم ﷺ کا سچے دل سے کلمہ پڑھا ہے اور اسلام سے دور کرنے والے عقائد و اعمال سے اپنے آپ کو محفوظ رکھا ہے۔

6- ہر وقت سنت کا دامن مضبوطی سے تھامنا اور بدعات سے بچنا ضروری ہے۔

اصل مضمون کے لئے دیکھئے ماہنامہ الحدیث حضرو (شمارہ 48 صفحہ 6) اضواء المصابیح (ح 143 ص 196)