Sunan ibn Majah Hadith 3973 (سنن ابن ماجہ)
[3973]حسن
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَبِي عُمَرَ الْعَدَنِيُّ قَالَ: حَدَّثَنَا عَبْدُ اللہِ بْنُ مُعَاذٍ،عَنْ مَعْمَرٍ،عَنْ عَاصِمِ بْنِ أَبِي النُّجُودِ،عَنْ أَبِي وَائِلٍ،عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ،قَالَ: كُنْتُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ فِي سَفَرٍ،فَأَصْبَحْتُ يَوْمًا قَرِيبًا مِنْہُ وَنَحْنُ نَسِيرُ،فَقُلْتُ: يَا رَسُولَ اللہِ أَخْبِرْنِي بِعَمَلٍ يُدْخِلُنِي الْجَنَّةَ،وَيُبَاعِدُنِي مِنَ النَّارِ،قَالَ: ((لَقَدْ سَأَلْتَ عَظِيمًا،وَإِنَّہُ لَيَسِيرٌ عَلَی مَنْ يَسَّرَہُ اللہُ عَلَيْہِ،تَعْبُدُ اللہَ لَا تُشْرِكُ بِہِ شَيْئًا،وَتُقِيمُ الصَّلَاةَ،وَتُؤْتِي الزَّكَاةَ،وَتَصُومُ رَمَضَانَ،وَتَحُجَّ الْبَيْتَ)) ثُمَّ قَالَ: أَلَا أَدُلُّكَ عَلَی أَبْوَابِ الْخَيْرِ؟ الصَّوْمُ جُنَّةٌ،وَالصَّدَقَةُ تُطْفِئُ الْخَطِيئَةَ كَمَا يُطْفِئُ النَّارَ الْمَاءُ،وَصَلَاةُ الرَّجُلِ مِنْ جَوْفِ اللَّيْلِ،ثُمَّ قَرَأَ تَتَجَافَی جُنُوبُہُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ [السجدة: 16] حَتَّی بَلَغَ جَزَاءً بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ [السجدة: 17] ثُمَّ قَالَ: ((أَلَا أُخْبِرُكَ بِرَأْسِ الْأَمْرِ،وَعَمُودِہِ،وَذُرْوَةِ سَنَامِہِ؟ الْجِہَادُ)) ثُمَّ قَالَ: ((أَلَا أُخْبِرُكَ بِمِلَاكِ ذَلِكَ كُلِّہِ؟)) قُلْتُ: بَلَی،فَأَخَذَ بِلِسَانِہِ،فَقَالَ: ((تَكُفُّ عَلَيْكَ ہَذَا)) قُلْتُ: يَا نَبِيَّ اللہِ وَإِنَّا لَمُؤَاخَذُونَ بِمَا نَتَكَلَّمُ بِہِ؟ قَالَ: ((ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ يَا مُعَاذُ وَہَلْ يُكِبُّ النَّاسَ عَلَی وُجُوہِہِمْ فِي النَّارِ،إِلَّا حَصَائِدُ أَلْسِنَتِہِمْ؟))
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،انہوں نے فرمایا: میں ایک سفر میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا،ایک دن جبکہ ہم چل رہے تھے میں آپ کے قریب ہو گیا۔میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! مجھے ایسا عمل بتائیے جو مجھے جنت میں پہنچا دے اور جہنم سے دور کر دے۔آپ نے فرمایا: تو نے بڑی عظیم بات پوچھی ہے اور جس کے لیے اللہ آسان کر دے اس کے لیے یہ آسان بھی ہے۔(جنت میں پہنچانے والا عمل یہ ہے کہ) تو اللہ کی عبادت کرے،اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرے،نماز قائم کرے،زکاۃ ادا کرے،رمضان کے روزے رکھے اور بیت اللہ کا حج کرے۔پھر فرمایا: کیا میں تجھے نیکی کے دروازے نہ بتاؤں؟ روزہ ڈھال ہے۔صدقہ گناہ (کی آگ) کو بجھا دیتا ہے۔اور آدمی کا رات کے دوران میں نماز (تہجد) پڑھنا۔پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی: (تَتَجَافَیٰ جُنُوبُہُمْ عَنِ ٱلْمَضَاجِعِ... جَزَآءًۢ بِمَا کَانُوا یَعْمَلُونَ) ان کے پہلو بستروں سے الگ رہتے ہیں۔(اور) وہ اپنے رب کو خوف اور امید سے پکارتے ہیں،اور جو کچھ ہم نے انہیں رزق دیا ہے،اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔کوئی نفس نہیں جانتا کہ ان کے اعمال کے بدلے میں ان کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک کی کون کون سی چیزین پوشیدہ رکھی گئی ہیں۔پھر فرمایا: کیا میں تجھے دین کا سر،اس کا ستون اور اس کی کوہان کی چوٹی نہ بتاؤ؟ وہ جہاد ہے۔پھر فرمایا: میں تجھے وہ چیز نہ بتاؤں جس پر ان سب کا مدار ہے؟ میں نے کہا: کیوں نہیں! تب نبی ﷺ نے اپنی زبان پکڑ کر فرمایا: اسے روک کر رکھنا۔میں نے کہا: اللہ کے نبی! ہم جو باتیں کرتے ہیں کیا ان پر بھی ہمارا مؤاخذہ ہو گا؟ آپ نے فرمایا: معاذ! تیری ماں تجھے روئے۔لوگوں کو (جہنم کی) آگ میں چہروں کے بل گھسیٹنےوالی چیز ان کی زبانوں کی کاٹی ہوئی فصلوں کے سوا اور کیا ہے؟