Mishkaat ul Masabeeh Hadith 5866 (مشکوۃ المصابیح)
[5866] رواہ مسلم (278/ 172)
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
وَعَنْ أَبِي ہُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللہِ ﷺ: لَقَدْ رَأَيْتُنِي فِي الْحِجْرِ وَقُرَيْشٌ تَسْأَلُنِي عَنْ مَسْرَايَ فَسَأَلَتْنِي عَنْ أَشْيَاءَ مِنْ بَيْتِ الْمَقْدِسِ لَمْ أُثْبِتْہَا فَكُرِبْتُ كَرْبًا مَا كُرِبْتُ مِثْلَہُ فَرَفَعَہُ اللہُ لِي أَنْظُرُ إِلَيْہِ مَا يَسْأَلُونِي عَنْ شَيْءٍ إِلَّا أَنْبَأْتُہُمْ وَقَدْ رَأَيْتُنِي فِي جَمَاعَةٍ مِنَ الْأَنْبِيَاءِ فَإِذَا مُوسَی قَائِمٌ يُصَلِّي. فَإِذَا رَجُلٌ ضَرْبٌ جعد كَأَنَّہُ أَزْد شَنُوءَةَ وَإِذَا عِيسَی قَائِمٌ يُصَلِّي أَقْرَبُ النَّاسِ بِہِ شبہا عروةُ بن مسعودٍ الثَّقفيُّ فإِذا إِبْرَاہِيمُ قَائِمٌ يُصَلِّي أَشْبَہُ النَّاسِ بِہِ صَاحِبُكُمْ-يَعْنِي نَفْسَہُ-فَحَانَتِ الصَّلَاةُ فَأَمَمْتُہُمْ فَلَمَّا فَرَغْتُ مِنَ الصَّلَاةِ قَالَ لِي قَائِلٌ: يَا مُحَمَّدُ ہَذَا مَالِكٌ خَازِنُ النَّارِ فَسَلِّمْ عَلَيْہِ فَالْتَفَتُّ إِلَيْہِ فَبَدَأَنِي بِالسَّلَامِ . رَوَاہُ مُسْلِمٌ وَہَذَا الْبَابُ خَالٍ عَنِ: الْفَصْلِ الثَّانِي
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:’’میں نے اپنے آپ کو حجر (حطیم) میں (کھڑے ہوئے) دیکھا،جبکہ قریش مجھ سے میرے سفر معراج کے متعلق سوال کر رہے تھے،انہوں نے بیت المقدس کی کچھ چیزوں کے متعلق مجھ سے سوالات کیے لیکن مجھے وہ یاد نہیں تھیں،میں اس قدر غمگین ہوا کہ اس طرح کا غم مجھے کبھی نہیں ہوا تھا،چنانچہ اللہ نے اسے میری نظروں کے سامنے بلند کر دیا میں اسے دیکھ رہا تھا،اس لئے وہ مجھ سے جس بھی چیز کے متعلق سوال کرتے تو میں انہیں بتا دیتا تھا،میں نے اپنے آپ کو انبیا ؑ کی جماعت میں دیکھا،میں نے اچانک موسی ؑ کو حالت قیام میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا،ان کا قد میانہ ہے اور بال گھنگھریالے ہیں،گویا وہ شنوءہ قبیلے کے آدمی ہیں،پھر میں نے عیسیٰ ؑ کو کھڑے ہو کر نماز پڑھتے ہوئے دیکھا،عروہ بن مسعود ثقفی ؓ کی ان سے بہت زیادہ مشابہت ہے،اور ابراہیم ؑ بھی کھڑے نماز پڑھ رہے ہیں،میں ان سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتا ہوں،نماز کا وقت ہوا تو میں نے ان کی امامت کرائی،چنانچہ جب میں نماز سے فارغ ہوا تو کسی کہنے والے نے مجھے کہا: محمد! یہ جہنم کا داروغہ مالک ہے،آپ اسے سلام کریں،میں نے اس کی طرف توجہ کی تو اس نے مجھے سلام میں پہل کی۔‘‘ رواہ مسلم۔