نبی کریم ﷺ کے معجزے

تحریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ


اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری رسول نبی کریم ﷺ کو بے شمار معجزے دے کر بھیجا مثلاً:

  1. قرآن مجید
  2. مستقبل کے بارے میں سچی پیشین گوئیاں مثلاً حجاز سے ایک بڑی آگ کا نکلنا، سیدنا عمار بن یاسر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما کا شہید ہونا وغیرہ، تفصیل کے لئے دیکھئے امام بیہقی رحمہ اللہ کی مشہور کتاب:دلائل النبوۃ (۶ / ۳۱۲۔۵۵۲)
  3. چاند کے دو ٹکڑے ہو جانا۔
  4. آپ کے ہاتھ کی انگلیوں سے پانی کا چشمہ جاری ہونا۔
  5. آپ کی جدائی میں کھجور کے تنے کا رونا۔
  6. آپ ﷺ کی ساری زندگی کا پاک و بے داغ ہونا جس کا اعتراف کفار بھی کرتے تھے۔
  7. آپ ﷺ کا نبی اُمی (ان پڑھ) ہو کر ہر لحاظ سے مکمل اور جامع دینِ اسلام پیش کرنا۔
  8. ہر دعا کی قبولیت کے ساتھ مستجاب الدعوات ہونا۔
  9. قوت دلائل کے لحاظ سے تمام ادیان پر دینِ اسلام کا ہمیشہ غالب ہونا۔
  10. بے زبان جانوروں کا آپ ﷺ سے کلام کرنا مثلاً سیدنا عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک انصاری کے باغ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک اونٹ تھا، جب اس نے نبی ﷺ کو دیکھا تو رونی سی آواز نکالی اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ نبی ﷺ اس کے پاس آئے، اس کے سر پر ہاتھ پھیرا تو وہ چُپ ہو گیا۔

    پھر آپ نے پوچھا: اس اونٹ کا مالک کون ہے؟ یہ اونٹ کس کا ہے؟ ایک انصاری نوجوان نے آکر بتایا کہ یا رسول اللہ! یہ میرا اونٹ ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا:

    ((أفلا تتقی اللہ في ھٰذہ البھیمۃ التي ملکک اللہ إیاھا؟ فإنہ شکا إليّ أنک تجیعہ و تدئبہ۔))

    کیا تُو اس جانور کے بارے میں اللہ سے نہیں ڈرتا جس کا تجھے اللہ نے مالک بنایا ہے؟ اس (اونٹ) نے مجھ سے شکایت کی ہے کہ تو اُسے بھوکا رکھتا ہے اور ہمیشہ کام لیتا ہے۔

    (سنن ابی داود: ۲۵۴۹ وسندہ صحیح واصلہ فی صحیح مسلم: ۳۴۲)

ان کے علاوہ آپ ﷺ کے اور بھی بہت سے معجزات ہیں مثلاً آپ کے باعث کھانے میں برکت ہونا وغیرہ۔

یہ تحریر محدّث العَصر حَافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی تحقیق میں موطا إمام مالک کے ’’مقدمہ‘‘ صفحہ نمبر 44 سے لی گئی ہے۔