روزہ افطار کرنے کے بارے میں مُسَوِّفین (دیر سے روزہ افطار کرنے والوں) میں سے نہ ہونا

تحریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ


موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم حدیث نمبر 410:

وَبِہٖ أَنَّ رَسُولَ اللہِ ﷺ قَالَ: ((لاَ یَزَالُ النَّاسُ بِخَیْرٍ مَا عَجَّلُوا الفِطْرَ))

اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگ اس وقت تک خیر سے رہیں گے جب تک روزہ افطار کرنے میں جلدی کریں گے۔

تحقیق: سندہ صحیح

تخریج: البخاري

الموطأ (روایۃ یحییٰ 1/ 288 ح 645، ک 18 ب 3 ح 6) التمہید 21/ 97، الاستذکار: 594

٭ وأخرجہ البخاری (1957) من حدیث مالک بہ، ومسلم (48/ 1098) من حدیث ابی حازم بہ۔

تفقہ:

  1. سورج غروب ہونے کے فوراً بعد روزہ افطار کرنے میں جلدی کرنا اہلِ ایمان کی نشانی ہے۔

  2. جو لوگ جان بوجھ کر دیر سے روزہ افطار کرتے ہیں وہ خیر پر نہیں بلکہ شر پر ہیں۔

    سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

    ((لا یزال الدین ظاھرًا ما عجّل الناس الفطر لأن الیھود والنصاری یؤخرون))

    دین اس وقت تک غالب رہے گا جب تک لوگ افطار کرنے میں جلدی کریں گے کیونکہ یہودی اور عیسائی تاخیر کرتے ہیں۔

    (سنن ابی داود: 2353 وسندہ حسن، وصححہ ابن خزیمہ: 2060، وابن حبان،الموارد: 889، والحاکم علیٰ شرط مسلم 1/ 431 ووافقہ الذہبی)

  3. جب سورج غروب ہوا تو (سیدنا) عمر (رضی اللہ عنہ ) نے اپنے پاس والے شخص کو برتن دے کر کہا: پیو،پھر فرمایا: شاید تم مُسَوِّفین (دیر سے روزہ افطار کرنے والوں) میں سے ہو جو کہتے ہیں: تھوڑی دیر بعد، تھوڑی دیر بعد۔؟! (مصنف ابن ابی شیبہ 3/ 13 ح 8958، وسندہ صحیح، دوسرا نسخہ 4/ 23 ح 9043)

    سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اپنے امراء کی طرف لکھ کر حکم بھیجتے تھے کہ روزہ افطار کرنے کے بارے میں مسوفین میں سے نہ ہونا اور نماز کے لئے ستاروں کے اکٹھ کا انتظار نہ کرنا۔ (ابن ابی شیبہ 3/ 12 ح 8946، وسندہ حسن، دوسرا نسخہ 4/ 21 ح 9031)

  4. ابراہیم نخعی رحمہ اللہ نے فرمایا: روزہ جلدی افطار کرنا سنت میں سے ہے۔ (مصنف ابن ابی شیبہ 3/ 13 ح 7954، وسندہ صحیح)

  5. نبی ﷺ کے فرمان کے مقابلے میں اپنی اختراع شدہ ’’احتیاط‘‘ کی کوئی حیثیت نہیں ہے بلکہ یہ ایک شیطانی وسوسہ ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔

اصل مضمون کے لئے دیکھیں: الاتحاف الباسم شرح موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم حدیث نمبر 410