Mishkaat ul Masabeeh Hadith 2557 (مشکوۃ المصابیح)
[2557] متفق علیہ، رواہ البخاري (1691) و مسلم (174 /1227)
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
وَعَنْ عَبْدِ اللہِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللہُ عَنْہُمَا قَالَ: تَمَتَّعَ رَسُولُ اللہِ ﷺ فِي حَجَّةِ الْوَدَاعِ بِالْعُمْرَةِ إِلَی الْحَجِّ فَسَاقَ مَعَہُ الْہَدْيَ مِنْ ذِي الْحُلَيْفَةِ وَبَدَأَ فَأَہَلَّ بِالْعُمْرَةِ ثُمَّ أَہَلَّ بِالْحَجِّ فَتَمَتَّعَ النَّاسُ مَعَ النَّبِيِّ ﷺ بِالْعُمْرَةِ إِلَی الْحَجِّ فَكَانَ مِنَ النَّاسِ مَنْ أَہْدَی وَمِنْہُمْ مَنْ لَمْ يُہْدِ فَلَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ ﷺ مَكَّةَ قَالَ لِلنَّاسِ: ((مَنْ كَانَ مِنْكُمْ أَہْدَی فَإِنَّہُ لَا يَحِلُّ مِنْ شَيْءٍ حَرُمَ مِنْہُ حَتَّی يَقْضِيَ حَجَّہُ وَمَنْ لَمْ يَكُنْ مِنْكُمْ أَہْدَی فَلْيَطُفْ بِالْبَيْتِ وَبِالصَّفَا وَالْمَرْوَةِ وَلْيُقَصِّرْ وَلْيَحْلِلْ ثُمَّ لِيُہِلَّ بِالْحَجِّ وليُہد فمنْ لم يجدْ ہَديا فيلصم ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ فِي الْحَجِّ وَسَبْعَةً إِذَا رَجَعَ إِلَی أَہْلِہِ)) فَطَافَ حِينَ قَدِمَ مَكَّةَ وَاسْتَلَمَ الرُّكْنَ أَوَّلَ شَيْءٍ ثُمَّ خَبَّ ثَلَاثَةَ أَطْوَافٍ وَمَشَی أَرْبَعًا فَرَكَعَ حِينَ قَضَی طَوَافَہُ بِالْبَيْتِ عِنْدَ الْمَقَامِ رَكْعَتَيْنِ ثُمَّ سَلَّمَ فَانْصَرَفَ فَأَتَی الصَّفَا فَطَافَ بِالصَّفَا وَالْمَرْوَةِ سَبْعَةَ أَطْوَافٍ ثُمَّ لَمْ يَحِلَّ مِنْ شَيْءٍ حَرُمَ مِنْہُ حَتَّی قَضَی حَجَّہُ وَنَحَرَ ہَدْيَہُ يَوْمَ النَّحْرِ وَأَفَاضَ فَطَافَ بِالْبَيْتِ ثُمَّ حَلَّ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ حَرُمَ مِنْہُ وَفَعَلَ مِثْلَ مَا فَعَلَ رَسُولُ اللہِ ﷺ مَنْ سَاقَ الْہَدْي من النَّاس
عبداللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقع پر حج کے ساتھ عمرہ ملایا تھا،آپ ذوالحلیفہ سے قربانی کا جانور اپنے ساتھ لے گئے تھے،آپ نے پہلے عمرہ کا احرام باندھا،پھر حج کا احرام باندھا،تو صحابہ کرام ؓ نے بھی نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ حج کو عمرے کے ساتھ ملا کر فائدہ حاصل کیا،کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو قربانی کے جانور اپنے ساتھ لے کر گئے اور ان میں سے کچھ ایسے بھی تھے جو قربانی کے جانور ساتھ نہیں لائے تھے،جب نبی مکہ پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں سے فرمایا:’’تم میں سے جو شخص قربانی کا جانور ساتھ لایا ہے تو اس کے لیے کوئی چیز حلال نہیں جو اس پر حرام تھی حتی کہ وہ اپنا حج پورا کر لے،اور جو شخص قربانی کا جانور ساتھ نہیں لایا تو وہ بیت اللہ کا طواف کرے،صفا مروہ کی سعی کرے،بال کٹوا کر احرام کھول دے،پھر (حج کے موقع پر) حج کے لیے احرام باندھے،اور قربانی کرے،تو جو شخص قربانی کا جانور نہ پائے تو وہ تین روزے ایام حج میں اور سات روزے اپنے گھر پہنچ کر رکھے۔‘‘ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکہ پہنچے تو آپ نے طواف کیا اور سب سے پہلے حجر اسود کو چوما،پھر آپ نے تین چکر دوڑ کر لگائے اور چار چکر معمول کی چال چل کر لگائے،جب آپ طواف مکمل کر چکے تو آپ نے مقام ابراہیم کے پاس دو رکعتیں پڑھیں،پھر آپ نے صفا و مروہ کے درمیان سعی کے سات چکر لگائے،پھر آپ پر ان چیزوں میں سے کوئی بھی چیز حلال نہیں ہوئی تھی جو آپ پر حرام تھی حتی کہ آپ نے اپنا حج مکمل کیا اور قربانی کے دن قربانی کی اور بیت اللہ شریف پہنچ کر طوافِ افاضہ کیا،پھر آپ کے لیے وہ تما م چیزیں حلال ہو گئیں جو آپ پر حرام ہوئیں تھیں،اور جو لوگ قربانی کے جانور ساتھ لائے تھے انہوں نے بھی ویسے ہی کیا جیسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا۔متفق علیہ۔