Mishkaat ul Masabeeh Hadith 3969 (مشکوۃ المصابیح)
[3969] رواہ مسلم (1641/8)
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
وَعَن عمرَان بن حُصَيْن قَالَ: كَانَت ثَقِيفٌ حَلِيفًا لِبَنِي عُقَيْلٍ فَأَسَرَتْ ثَقِيفٌ رَجُلَيْنِ مِنْ أَصْحَابِ رَسُولِ اللہِ ﷺ وَأَسَرَ أَصْحَابِ رَسُولِ اللہِ ﷺ رَجُلًا مِنْ بَنِي عُقَيْلٍ فَأَوْثَقُوہُ فَطَرَحُوہُ فِي الْحَرَّةِ فَمَرَّ بِہِ رَسُولُ اللہِ ﷺ فَنَادَاہُ: يَا مُحَمَّدُ يَا مُحَمَّدُ فِيمَ أُخِذْتُ؟ قَالَ: ((بِجَرِيرَةِ حُلَفَائِكُمْ ثَقِيفٍ)) فَتَرَكَہُ وَمَضَی فَنَادَاہُ: يَا مُحَمَّدُ يَا مُحَمَّدُ فَرَحِمَہُ رَسُولُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسلم فرجعَ فَقَالَ: ((مَا شَأْنُكَ؟)) قَالَ: إِنِّي مُسْلِمٌ. فَقَالَ: ((لَوْ قُلْتَہَا وَأَنْتَ تَمْلِكُ أَمْرَكَ أَفْلَحْتَ كُلَّ الْفَلَاحِ)) . قَالَ: فَفَدَاہُ رَسُولُ اللہِ ﷺ بالرجلينِ اللَّذينِ أسرَتْہُما ثقيفٌ. رَوَاہُ مُسلم
عمران بن حصین ؓ بیان کرتے ہیں،ثقیف،بنو عُقیل کے حلیف تھے،ثقیف (قبیلے) نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دو صحابی قید کر لیے،اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ نے بنو عقیل کا ایک آدمی قید کر لیا اور اسے باندھ کر پتھریلی زمین پر پھینک دیا،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کے پاس سے گزرے تو اس نے آپ کو آواز دی: محمد! محمد! مجھے کس لیے پکڑا گیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:’’تمہارے حلیف ثقیف کے جرم کے بدلہ میں۔‘‘ آپ نے اسے اس کے حال پر چھوڑا اور آگے چل دیے،اس نے پھر آواز دی،محمد! محمد! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس پر ترس آ گیا اور واپس تشریف لا کر فرمایا:’’تمہارا کیا حال ہے؟‘‘ اس نے کہا: میں مسلمان ہوں،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:’’اگر تم اس وقت کہتے جب کہ تم اپنے معاملے کے خود مختار تھے تو تم مکمل فلاح پا جاتے۔‘‘ راوی بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے ان دو آدمیوں،جنہیں ثقیف نے قید کر رکھا تھا،کے بدلے میں چھوڑ دیا۔(یعنی تبادلہ کر لیا) رواہ مسلم۔