Sunan Abi Dawood Hadith 2719 (سنن أبي داود)
[2719]صحیح
صحیح مسلم (1753)
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ حَنْبَلٍ،قَالَ:،حَدَّثَنَا الْوَلِيدُ بْنُ مُسْلِمٍ،قَالَ: حَدَّثَنِي صَفْوَانُ بْنُ عَمْرٍو،عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ابْنِ جُبَيْرِ بْنِ نُفَيْرٍ،عَنْ أَبِيہِ،عَنْ عَوْفِ بْنِ مَالِكٍ الْأَشْجَعِيِّ،قَالَ: خَرَجْتُ مَعَ زَيْدِ بْنِ حَارِثَةَ فِي غَزْوَةِ مُؤْتَةَ،فَرَافَقَنِي مَدَدٌ مِنْ أَہْلِ الْيَمَنِ،لَيْسَ مَعَہُ غَيْرُ سَيْفِہِ،فَنَحَرَ رَجُلٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ جَزُورًا،فَسَأَلَہُ الْمَدَدِيُّ طَائِفَةً مِنْ جِلْدِہِ،فَأَعْطَاہُ إِيَّاہُ،فَاتَّخَذَہُ كَہَيْئَةِ الدَّرْقِ،وَمَضَيْنَا،فَلَقِينَا جُمُوعَ الرُّومِ،وَفِيہِمْ رَجُلٌ عَلَی فَرَسٍ لَہُ أَشْقَرَ،عَلَيْہِ سَرْجٌ مُذْہَبٌ،وَسِلَاحٌ مُذْہَبٌ،فَجَعَلَ الرُّومِيُّ يُغْرِي بِالْمُسْلِمِينَ،فَقَعَدَ لَہُ الْمَدَدِيُّ خَلْفَ صَخْرَةٍ،فَمَرَّ بِہِ الرُّومِيُّ فَعَرْقَبَ فَرَسَہُ،فَخَرَّ وَعَلَاہُ،فَقَتَلَہُ،وَحَازَ فَرَسَہُ وَسِلَاحَہُ،فَلَمَّا فَتَحَ اللہُ عَزَّ وَجَلَّ لِلْمُسْلِمِينَ،بَعَثَ إِلَيْہِ خَالِدُ بْنُ الْوَلِيدِ،فَأَخَذَ مِنَ السَّلَبِ،قَالَ عَوْفٌ: فَأَتَيْتُہُ،فَقُلْتُ: يَا خَالِدُ! أَمَا عَلِمْتَ أَنَّ رَسُولَ اللہِ ﷺ قَضَی بِالسَّلَبِ لِلْقَاتِلِ؟ قَالَ: بَلَی،وَلَكِنِّي اسْتَكْثَرْتُہُ،قُلْتُ: لَتَرُدَّنَّہُ عَلَيْہِ،أَوْ لَأُعَرِّفَنَّكَہَا عِنْدَ رَسُولِ اللہِ ﷺ،فَأَبَی أَنْ يَرُدَّ عَلَيْہِ،قَالَ عَوْفٌ: فَاجْتَمَعْنَا عِنْدَ رَسُولِ اللہِ ﷺ،فَقَصَصْتُ عَلَيْہِ قِصَّةَ الْمَدَدِيِّ،وَمَا فَعَلَ خَالِدٌ،فَقَالَ رَسُولُ اللہِ ﷺ: يَا خَالِدُ مَا حَمَلَكَ عَلَی مَا صَنَعْتَ؟،قَالَ: يَا رَسُولَ اللہِ! لَقَدِ اسْتَكْثَرْتُہُ،فَقَالَ رَسُولُ اللہِ ﷺ: يَا خَالِدُ! رُدَّ عَلَيْہِ مَا أَخَذْتَ مِنْہُ،قَالَ عَوْفٌ: فَقُلْتُ لَہُ: دُونَكَ يَا خَالِدُ،أَلَمْ أَفِ لَكَ؟ فَقَالَ رَسُولُ اللہِ ﷺ: وَمَا ذَلِكَ؟،فَأَخْبَرْتُہُ،قَالَ: فَغَضِبَ رَسُولُ اللہِ ﷺ،فَقَالَ: يَا خَالِدُ! لَا تَرُدَّ عَلَيْہِ،ہَلْ أَنْتُمْ تَارِكُونَ لِي أُمَرَائِي؟ لَكُمْ صَفْوَةُ أَمْرِہِمْ وَعَلَيْہِمْ كَدَرُہُ.
سیدنا عوف بن مالک اشجعی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ غزوہ موتہ میں روانہ ہوا۔اہل یمن سے جو کمک ہمیں ملی ان میں سے ایک شخص میرے ساتھ ہو لیا۔اس کے پاس سوائے ایک تلوار کے اور کچھ نہ تھا۔مسلمانوں کے ایک آدمی نے اونٹ ذبح کیا،تو اس آدمی نے ذبح کرنے والے سے کھال کا ایک حصہ مانگا جو اس نے اس کو دے دیا۔پس اس نے اس کو ڈھال کی طرح بنا لیا اور پھر ہم چلتے رہے۔ہمیں رومی جماعتوں کا مقابلہ کرنا پڑا۔ان میں ایک آدمی اپنے سرخ گھوڑے پر سوار تھا جس کی زین اور ہتھیار سنہری تھے۔وہ رومی مسلمانوں پر بڑے سخت حملے کر رہا تھا۔تو یمن کی کمک والا یہ آدمی ایک چٹان کی اوٹ میں اس رومی کی تاک میں بیٹھ گیا۔جب وہ اس کے پاس سے گزرا تو اس یمنی نے اس کے گھوڑے کی ٹانگیں کاٹ ڈالیں تو وہ (رومی) گر پڑا اور یہ (یمنی) خود اس آدمی پر چڑھ بیٹھا اور اسے قتل کر دیا اور اس کا گھوڑا اور اسلحہ لے لیا۔اور جب اللہ عزوجل نے مسلمانوں کو فتح دی تو سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے اس یمنی کو بلوایا اور اس کے اسباب میں سے کچھ لے لیا۔سیدنا عوف رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں ان کے پاس گیا اور کہا: اے خالد! کیا آپ کو معلوم نہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا فیصلہ ہے کہ سلب قاتل کا ہوتا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔لیکن میں اسے بہت زیادہ سمجھتا ہوں۔میں نے کہا: یا تو آپ اسے واپس کر دیں ورنہ میں آپ کی یہ بات رسول اللہ ﷺ کو بتاؤں گا،مگر انہوں نے اس کو واپس کرنے سے انکار کر دیا۔سیدنا عوف رضی اللہ عنہ کہتے ہیں پھر ہم رسول اللہ ﷺ کے ہاں جمع ہوئے،تو میں نے آپ ﷺ سے اس یمنی کا قصہ بیان کیا اور وہ بھی جو خالد رضی اللہ عنہ نے کیا تھا۔تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’خالد! اس کی کیا وجہ تھی جو تم نے کیا؟‘‘ انہوں نے کہا: اے اﷲ کے رسول! میں نے اس سلب کو بہت زیادہ سمجھا تھا۔آپ ﷺ نے فرمایا ’’تم نے جو کچھ اس سے لیا وہ اس کو واپس کر دو۔‘‘ عوف کہتے ہیں میں نے خالد سے کہا: خالد! لو اب میں نے جو بات کہی تھی پوری کر دی؟ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا‘‘ وہ کیا بات تھی؟‘‘ میں نے انہیں بتا دی،تو رسول اﷲ ﷺ غصے ہو گئے اور فرمایا ’’خالد! وہ مت واپس کرو،کیا تم لوگ میری خاطر میرے امراء سے کوئی رعایت نہیں کر سکتے؟ (یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ) ان کے معاملات کی عمدگی اور بھلائی تو تمہارے لیے ہو اور اس کی خرابی کے وہ ہی ذمہ دار ہوں۔‘‘