Sheikh Zubair Alizai

Sunan Abi Dawood Hadith 4354 (سنن أبي داود)

[4354]صحیح

صحیح بخاری (6923) صحیح مسلم (1824)

تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ وَمُسَدَّدٌ،قَالَا: حَدَّثَنَا يَحْيَی بْنُ سَعِيدٍ قَالَ مُسَدَّدٌ،حَدَّثَنَا قُرَّةُ بْنُ خَالِدٍ،حَدَّثَنَا حُمَيْدُ بْنُ ہِلَالٍ،حَدَّثَنَا أَبُو بُرْدَةَ،قَالَ: قَالَ أَبُو مُوسَی،أَقْبَلْتُ إِلَی النَّبِيِّ ﷺ وَمَعِي رَجُلَانِ مِنَ الْأَشْعَرِيِّينَ, أَحَدُہُمَا،عَنْ يَمِينِي،وَالْآخَرُ،عَنْ يَسَارِي, فَكِلَاہُمَا سَأَلَ الْعَمَلَ،وَالنَّبِيُّ ﷺ سَاكِتٌ،فَقَالَ: مَا تَقُولُ يَا أَبَا مُوسَی-أَوْ يَا عَبْدَ اللہِ بْنَ قَيْسٍ-؟ قُلْتُ: وَالَّذِي بَعَثَكَ بِالْحَقِّ مَا أَطْلَعَانِي عَلَی مَا فِي أَنْفُسِہِمَا،وَمَا شَعَرْتُ أَنَّہُمَا يَطْلُبَانِ الْعَمَلَ،وَكَأَنِّي أَنْظُرُ إِلَی سِوَاكِہِ تَحْتَ شَفَتِہِ قَلَصَتْ،قَالَ: لَنْ نَسْتَعْمِلَ-أَوْ لَا نَسْتَعْمِلُ-عَلَی عَمَلِنَا مَنْ أَرَادَہُ, وَلَكِنِ اذْہَبْ أَنْتَ يَا أَبَا مُوسَی-أَوْ يَا عَبْدَ اللہِ بْنَ قَيْسٍ-. فَبَعَثَہُ عَلَی الْيَمَنِ،ثُمَّ أَتْبَعَہُ مُعَاذَ بْنَ جَبَلٍ،قَالَ: فَلَمَّا قَدِمَ عَلَيْہِ مُعَاذٌ،قَالَ: انْزِلْ, وَأَلْقَی لَہُ وِسَادَةً،وَإِذَا رَجُلٌ عِنْدَہُ مُوثَقٌ،قَالَ: مَا ہَذَا؟ قَالَ: ہَذَا كَانَ يَہُودِيًّا فَأَسْلَمَ،ثُمَّ رَاجَعَ دِينَہُ دِينَ السُّوءِ! قَالَ: لَا أَجْلِسُ حَتَّی يُقْتَلَ, قَضَاءُ اللہِ وَرَسُولِہِ-قَالَ اجْلِسْ نَعَمْ قَالَ لَا أَجْلِسُ حَتَّی يُقْتَلَ قَضَاءُ اللہِ وَرَسُولِہِ-ثَلَاثَ مَرَّاتٍ-،فَأَمَرَ بِہِ،فَقُتِلَ،ثُمَّ تَذَاكَرَا قِيَامَ اللَّيْلِ،فَقَالَ أَحَدُہُمَا مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ: أَمَّا أَنَا, فَأَنَامُ وَأَقُومُ-أَوْ أَقُومُ وَأَنَامُ-،وَأَرْجُو فِي نَوْمَتِي مَا أَرْجُو فِي قَوْمَتِي.

سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا جب کہ میرے ساتھ بنو اشعر کے دو آدمی بھی تھے ‘ ایک میری دائیں جانب تھا اور دوسرا بائیں جانب۔ان دونوں نے کام (کسی منصب اور ذمہ داری) کا سوال کر دیا اور نبی کریم ﷺ خاموش رہے۔پھر آپ ﷺ نے فرمایا ’’اے ابوموسیٰ!‘‘ یا فرمایا ’’اے عبداللہ بن قیس! تیرا کیا خیال ہے؟‘‘ میں نے عرض کیا: قسم اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے! انہوں نے مجھے اپنے دل کی بات نہیں بتائی تھی اور مجھے خیال نہ تھا کہ یہ کسی منصب کے طلب گار ہیں ‘ اور گویا میں رسول اللہ ﷺ کی مسواک کی طرف دیکھ رہا ہوں جو آپ ﷺ کے ہونٹ کے نیچے تھی جس سے وہ اوپر کو اٹھ سا گیا تھا۔آپ ﷺ نے فرمایا ’’ہم کسی کو اپنا کام ہرگز نہ سونپیں گے۔‘‘ یا فرمایا ’’ہم ایسے کسی شخص کو اپنا کام نہیں دیتے ہیں جو از خود اس کا طلب گار ہو،لیکن اے ابوموسیٰ!‘‘ یا فرمایا ’’اے عبداللہ بن قیس! تم جاؤ‘‘ اور انہیں یمن کی طرف بھیج دیا۔پھر ان کے پیچھے سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو بھی بھیج دیا۔جب معاذ رضی اللہ عنہ ان کے پاس پہنچے تو ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا: تشریف لائیے۔اتریے اور انہیں تکیہ پیش کیا۔لیکن سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ نے اچانک دیکھا کہ ان کے ہاں ایک آدمی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا۔انہوں نے پوچھا ‘ اسے کیا ہے؟ کہا کہ یہ یہودی تھا ‘ پھر مسلمان ہو گیا لیکن دوبارہ اپنے باطل دین کی طرف پھر گیا (مرتد ہو گیا) ہے۔سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ نے کہا: جب تک اسے قتل نہ کر دیا جائے میں نہیں بیٹھوں گا ‘ یہ فیصلہ ہے اللہ اور رسول کا ‘ ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا بیٹھ جائیے ‘ ہاں (فیصلہ یہی ہے)۔سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ نے کہا: جب تک اسے قتل نہ کر دیا جائے میں نہیں بیٹھوں گا۔یہ فیصلہ اللہ اور اس کے رسول کا ہے،انہوں نے تین بار کہا۔چنانچہ ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے حکم دیا اور اسے قتل کر دیا گیا۔پھر وہ دونوں قیام اللیل (رات کی نماز) کے متعلق بات چیت کرتے رہے۔ان میں سے ایک ‘ یعنی سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ نے کہا: میں سوتا ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں۔یا کہا کہ قیام کرتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور اپنی نیند میں اسی چیز کا امیدوار ہوتا ہوں جس کی مجھے اپنے قیام میں امید ہوتی ہے۔(یعنی اجر و ثواب کی)۔