Sheikh Zubair Alizai

Sunan Al-Nasai Hadith 4643 (سنن النسائي)

[4643]متفق علیہ

تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلَاءِ قَالَ: حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ،عَنْ الْأَعْمَشِ،عَنْ سَالِمِ بْنِ أَبِي الْجَعْدِ،عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللہِ قَالَ: كُنْتُ مَعَ رَسُولِ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ فِي سَفَرٍ،وَكُنْتُ عَلَی جَمَلٍ،فَقَالَ: ((مَا لَكَ فِي آخِرِ النَّاسِ؟)) قُلْتُ: أَعْيَا بَعِيرِي،فَأَخَذَ بِذَنَبِہِ،ثُمَّ زَجَرَہُ،فَإِنْ كُنْتُ إِنَّمَا أَنَا فِي أَوَّلِ النَّاسِ يُہِمُّنِي رَأْسُہُ،فَلَمَّا دَنَوْنَا مِنَ الْمَدِينَةِ،قَالَ: ((مَا فَعَلَ الْجَمَلُ،بِعْنِيہِ؟))،قُلْتُ: لَا،بَلْ ہُوَ لَكَ يَا رَسُولَ اللہِ،قَالَ: ((لَا،بَلْ بِعْنِيہِ))،قُلْتُ: لَا،بَلْ ہُوَ لَكَ،قَالَ: ((لَا،بَلْ بِعْنِيہِ،قَدْ أَخَذْتُہُ بِوُقِيَّةٍ ارْكَبْہُ))،فَإِذَا قَدِمْتَ الْمَدِينَةَ فَأْتِنَا بِہِ،فَلَمَّا قَدِمْتُ الْمَدِينَةَ جِئْتُہُ بِہِ،فَقَالَ لِبِلَالٍ: ((يَا بِلَالُ زِنْ لَہُ أُوقِيَّةً،وَزِدْہُ قِيرَاطًا))،قُلْتُ: ہَذَا شَيْءٌ زَادَنِي رَسُولُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَيْہِ وَسَلَّمَ،فَلَمْ يُفَارِقْنِي،فَجَعَلْتُہُ فِي كِيسٍ فَلَمْ يَزَلْ عِنْدِي حَتَّی جَاءَ أَہْلُ الشَّامِ يَوْمَ الْحَرَّةِ،فَأَخَذُوا مِنَّا مَا أَخَذُوا

حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں ایک سفر رسول اللہﷺ کے ساتھ تھا۔میں ایک اونٹ پر سوار تھا۔آپ نے فرمایا: ’’کیا بات ہے تو سب سے آخر میں ہے؟‘‘ میں نے کہا: میرا اونٹ چلنے سے عاجز آ چکا ہے۔آپ نے اس کی دم پکڑ کر اسے ڈانٹا۔پھر تو وہ اتنا آگے چلا گیا کہ مجھے اس کا سر سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا۔جب ہم مدینہ منورہ کے قریب ہوئے تو آپ نے فرمایا: ’’تیرے اونٹ کا کیا حال ہے؟ یہ مجھے بیچ دے۔‘‘ میں نے کہا: یہ ویسے ہی آپ کا ہے۔(بیچنے کی کیا ضرورت ہے؟) آپ نے فرمایا: ’’نہیں مجھے بیچ دے۔‘‘ میں نے کہا: نہیں،بلکہ یہ ویسے ہی آپ کا ہے۔آپ نے فرمایا: ’’نہیں بلکہ مجھے بیچ دے۔میں نے یہ ایک اوقیے میں لے لیا۔ہاں تو سوار رہ،پھر جب تو مدینے پہنچ جائے تو اسے میرے پاس لے آنا۔‘‘ پھر جب میں مدینہ منورہ میں آیا تو میں اونٹ لے کر آپ کے پاس گیا۔آپ نے حضرت بلال رضی اللہ تعالٰی عنہ سے فرمایا: ’’بلال! اس کو تو ایک اوقیہ (چالیس در ہم) تول دے او ایک قیراط اس کو زائد دے دے۔‘‘ میں نے کہا: یہ قیراط رسول اللہﷺ نے مجھے زائد دیا ہے،یہ کبھی بھی مجھ سے جدا نہیں ہو گا۔میں نے اسے ایک تھیلی میں ڈال لیا۔وہ ہمیشہ میرے پاس رہا حتی کہ حرہ والے دن شام والے آئے تو انھوں نے ہم سے جو چاہا،لوٹ لیا۔