Sheikh Zubair Alizai

Sunan Abi Dawood Hadith 4089 (سنن أبي داود)

[4089]إسنادہ حسن

مشکوۃ المصابیح (4461)

تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ

حَدَّثَنَا ہَارُونُ بْنُ عَبْدِ اللہِ حَدَّثَنَا أَبُو عَامِرٍ يَعْنِي عَبْدَ الْمَلِكِ بْنَ عَمْرٍو حَدَّثَنَا ہِشَامُ بْنُ سَعْدٍ عَنْ قَيْسِ بْنِ بِشْرٍ التَّغْلِبِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبِي وَكَانَ جَلِيسًا لِأَبِي الدَّرْدَاءِ قَالَ كَانَ بِدِمَشْقَ رَجُلٌ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ ﷺ يُقَالُ لَہُ ابْنُ الْحَنْظَلِيَّةِ وَكَانَ رَجُلًا مُتَوَحِّدًا قَلَّمَا يُجَالِسُ النَّاسَ إِنَّمَا ہُوَ صَلَاةٌ فَإِذَا فَرَغَ فَإِنَّمَا ہُوَ تَسْبِيحٌ وَتَكْبِيرٌ حَتَّی يَأْتِيَ أَہْلَہُ فَمَرَّ بِنَا وَنَحْنُ عِنْدَ أَبِي الدَّرْدَاءِ فَقَالَ لَہُ أَبُو الدَّرْدَاءِ كَلِمَةً تَنْفَعُنَا وَلَا تَضُرُّكَ قَالَ بَعَثَ رَسُولُ اللہِ ﷺ سَرِيَّةً فَقَدِمَتْ فَجَاءَ رَجُلٌ مِنْہُمْ فَجَلَسَ فِي الْمَجْلِسِ الَّذِي يَجْلِسُ فِيہِ رَسُولُ اللہِ ﷺ فَقَالَ لِرَجُلٍ إِلَی جَنْبِہِ لَوْ رَأَيْتَنَا حِينَ الْتَقَيْنَا نَحْنُ وَالْعَدُوُّ فَحَمَلَ فُلَانٌ فَطَعَنَ فَقَالَ خُذْہَا مِنِّي وَأَنَا الْغُلَامُ الْغِفَارِيُّ كَيْفَ تَرَی فِي قَوْلِہِ قَالَ مَا أُرَاہُ إِلَّا قَدْ بَطَلَ أَجْرُہُ فَسَمِعَ بِذَلِكَ آخَرُ فَقَالَ مَا أَرَی بِذَلِكَ بَأْسًا فَتَنَازَعَا حَتَّی سَمِعَ رَسُولُ اللہِ ﷺ فَقَالَ سُبْحَانَ اللہِ لَا بَأْسَ أَنْ يُؤْجَرَ وَيُحْمَدَ فَرَأَيْتُ أَبَا الدَّرْدَاءِ سُرَّ بِذَلِكَ وَجَعَلَ يَرْفَعُ رَأْسَہُ إِلَيْہِ وَيَقُولُ أَنْتَ سَمِعْتَ ذَلِكَ مِنْ رَسُولِ اللہِ ﷺ فَيَقُولُ نَعَمْ فَمَا زَالَ يُعِيدُ عَلَيْہِ حَتَّی إِنِّي لَأَقُولُ لَيَبْرُكَنَّ عَلَی رُكْبَتَيْہِ قَالَ فَمَرَّ بِنَا يَوْمًا آخَرَ فَقَالَ لَہُ أَبُو الدَّرْدَاءِ كَلِمَةً تَنْفَعُنَا وَلَا تَضُرُّكَ قَالَ قَالَ لَنَا رَسُولُ اللہِ ﷺ الْمُنْفِقُ عَلَی الْخَيْلِ كَالْبَاسِطِ يَدَہُ بِالصَّدَقَةِ لَا يَقْبِضُہَا ثُمَّ مَرَّ بِنَا يَوْمًا آخَرَ فَقَالَ لَہُ أَبُو الدَّرْدَاءِ كَلِمَةً تَنْفَعُنَا وَلَا تَضُرُّكَ قَالَ قَالَ لَنَا رَسُولُ اللہِ ﷺ نِعْمَ الرَّجُلُ خُرَيْمٌ الْأَسَدِيُّ لَوْلَا طُولُ جُمَّتِہِ وَإِسْبَالُ إِزَارِہِ فَبَلَغَ ذَلِكَ خُرَيْمًا فَعَجِلَ فَأَخَذَ شَفْرَةً فَقَطَعَ بِہَا جُمَّتَہُ إِلَی أُذُنَيْہِ وَرَفَعَ إِزَارَہُ إِلَی أَنْصَافِ سَاقَيْہِ ثُمَّ مَرَّ بِنَا يَوْمًا آخَرَ فَقَالَ لَہُ أَبُو الدَّرْدَاءِ كَلِمَةً تَنْفَعُنَا وَلَا تَضُرُّكَ فَقَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللہِ ﷺ يَقُولُ إِنَّكُمْ قَادِمُونَ عَلَی إِخْوَانِكُمْ فَأَصْلِحُوا رِحَالَكُمْ وَأَصْلِحُوا لِبَاسَكُمْ حَتَّی تَكُونُوا كَأَنَّكُمْ شَامَةٌ فِي النَّاسِ فَإِنَّ اللہَ لَا يُحِبُّ الْفُحْشَ وَلَا التَّفَحُّشَ قَالَ أَبُو دَاوُد وَكَذَلِكَ قَالَ أَبُو نُعَيْمٍ عَنْ ہِشَامٍ قَالَ حَتَّی تَكُونُوا كَالشَّامَةِ فِي النَّاسِ

قیس بن بشر تغلبی نے کہا مجھے میرے والد نے بیان کیا اور وہ سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا کرتے تھے۔بیان کیا کہ دمشق میں نبی کریم ﷺ کے صحابہ میں سے ایک صاحب ہوتے تھے جنہیں ابن حنظلیہ کہا جاتا تھا۔وہ تنہائی پسند آدمی تھے،لوگوں کے ساتھ بہت کم بیٹھتے تھے۔یا تو نماز پڑھتے ہوتے یا جب فارغ ہو جاتے تو تسبیح و تکبیر میں مشغول رہتے اور پھر اپنے گھر والوں کے پاس چلے جاتے۔وہ ہمارے پاس سے گزرے جبکہ ہم سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔تو ابودرداء نے ان سے کہا: کوئی ایک بات بیان کر دیجئیے جس میں ہمارا فائدہ ہو جائے،اس میں آپ کا کوئی نقصان نہیں۔انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک جماعت کو بھیجا۔جب وہ واپس آئی تو ان میں سے ایک آدمی اس مجلس میں آ گیا جہاں رسول اللہ ﷺ تشریف رکھتے تھے۔تو اس نے اپنے پہلو میں بیٹھے ہوئے آدمی سے کہا: کاش کہ تم ہمیں دیکھتے جب ہم دشمن سے بھڑ گئے تھے اور فلاں نے نیزہ مارا اور کہا: لو یہ مجھ سے اور میں غفاری جوان ہوں! تمہاری اس بارے میں کیا رائے ہے؟ ساتھ والے نے کہا: میں تو سمجھتا ہوں کہ اس کا اجر ضائع ہو گیا۔یہ بات دوسرے نے سنی تو کہا: میں تو اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتا۔ان دونوں کی تکرار ہونے لگی حتیٰ کہ رسول اللہ ﷺ نے سن لیا تو فرمایا ’’سبحان اللہ! کوئی حرج کی بات نہیں کہ اسے اجر و ثواب ملے اور اس کی تعریف بھی ہو۔‘‘ تو میں نے سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ اس بیان سے وہ بہت خوش ہوئے۔چنانچہ وہ اپنا سر اٹھاتے اور پوچھتے تھے: کیا بھلا یہ فرمان آپ نے خود رسول اللہ ﷺ سے سنا تھا؟ تو وہ کہتے کہ ہاں۔اور یہ بات انہوں نے ان سے باربار پوچھی۔(اس دوران میں وہ ان کے قریب بھی ہوتے جا رہے تھے) حتیٰ کہ میں سمجھا کہ شاید یہ ان کے گھٹنوں پر بیٹھ جائیں گے۔وہ صحابی ایک اور دن ہمارے پاس سے گزرے تو سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: کوئی ایک بات بیان کر دیجئیے جس میں ہمارا فائدہ ہو اور آپ کا کوئی گھاٹا نہیں ہو گا،تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں فرمایا ’’گھوڑے پر خرچ کرنے والا ایسے ہے جیسے اس نے اپنا ہاتھ صدقہ میں کھول رکھا ہو اور بند نہ کرتا ہو۔‘‘ وہ صحابی ایک اور دن ہمارے پاس سے گزرے تو سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: کوئی کلمہ خیر فرما دیجئیے،اس میں ہمارا فائدہ ہو گا اور آپ کا کوئی خسارا نہیں،تو انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’خریم اسدی بہترین آدمی ہے اگر اس کے پٹے (سر کے بال) لمبے نہ ہوں اور اپنے تہبند کو نہ لٹکائے۔‘‘ یہ بات خریم کو پہنچی تو انہوں نے جلدی سے چھری پکڑی اور اپنے بالوں کو کانوں تک کاٹ لیا اور اپنے تہبند کو آدھی پنڈلی تک اونچا کر لیا۔وہ صحابی ایک اور دن ہمارے پاس سے گزرے تو سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: کوئی ایک بات فرمائیں جو ہمارے لیے نفع مند ہو اور اس میں آپ کا کوئی نقصان نہیں،تو انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا،آپ ﷺ فرماتے تھے ’’تم لوگ اپنے بھائیوں کے پاس پہنچنے والے ہو۔چنانچہ اپنی سواریوں کو درست کر لو،اپنے لباس کی اصلاح کر لو حتیٰ کہ ایسے ہو جاؤ گویا کہ تم ان میں سے بہت نمایاں افراد ہو۔بلاشبہ اللہ تعالیٰ بے حیائی (کی بات یا کام) اور عمداً ایسا کرنے کو پسند نہیں فرماتا ہے۔‘‘ امام ابوداؤد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ابونعیم نے ہشام سے روایت کرتے ہوئے یہ لفظ یوں کہے ((حتی تکونوا کالشامۃ فی الناس))