Mishkaat ul Masabeeh Hadith 2395 (مشکوۃ المصابیح)
[2395] صحیح، رواہ أبو داود (5077) و ابن ماجہ (3867)
تحقیق وتخریج:محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
وَعَنْ أَبِي عَيَّاشٍ أَنَّ رَسُولَ اللہِ ﷺ قَالَ: مَنْ قَالَ إِذَا أَصْبَحَ: لَا إِلَہَ إِلَّا اللہُ وَحْدَہُ لَا شَرِيكَ لَہُ لَہُ الْمُلْكُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَہُوَ عَلَی كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ كَانَ لَہُ عَدْلُ رَقَبَةٍ مِنْ وَلَدِ إِسْمَاعِيلَ وَكُتِبَ لَہُ عَشْرُ حَسَنَاتٍ وَحَطَّ عَنْہُ عَشْرَ سَيِّئَاتٍ وَرفع عَشْرُ دَرَجَاتٍ وَكَانَ فِي حِرْزٍ مِنَ الشَّيْطَانِ حَتَّی يُمْسِيَ وَإِنْ قَالَہَا إِذَا أَمْسَی كَانَ لہُ مثلُ ذَلِك حَتَّی يُصبحَ . قَالَ حَمَّاد بن سَلمَة: فَرَأَی رَجُلٌ رَسُولَ اللہِ ﷺ فِيمَا يَرَی النَّائِمُ فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللہِ إِنَّ أَبَا عَيَّاشٍ يُحَدِّثُ عَنْكَ بِكَذَا وَكَذَا قَالَ: ((صَدَقَ أَبُو عَيَّاشٍ)) . رَوَاہُ أَبُو دَاوُد وَابْن مَاجَہ
ابوعیاش ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص صبح کے وقت یہ دعا پڑھتا ہے:’’اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں،وہ یکتا ہے،اس کا کوئی شریک نہیں،اسی کے لئے بادشاہت ہے،اسی کے لئے ہر قسم کی حمد ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘ اس کے لئے اولاد اسماعیل ؑ سے دس غلام آزاد کرنے کے برابر ثواب ہے،اس کے لئے دس نیکیاں لکھی جاتی ہیں،اس سے دس گناہ مٹا دیے جاتے ہیں،اس کے دس درجات بلند کر دیے جاتے ہیں اور پورا دن شام ہونے تک اس کے لئے شیطان سے بچاؤ اور تحفظ ہو جاتا ہے۔اور اگر وہ انہیں شام کے وقت پڑھے تو بھی اس کے لئے اتنا ہی اجر ہے حتیٰ کہ وہ صبح کرے۔‘‘ کسی آدمی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خواب میں دیکھا تو اس نے عرض کیا،اللہ کے رسول! ابوعیاش آپ سے اس طرح حدیث بیان کرتے ہیں،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:’’ابوعیاش نے سچ کہا۔‘‘ صحیح،رواہ ابوداؤد و ابن ماجہ۔